حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق حجت الاسلام و المسلمین علی عباسی نے وزیر ثقافت کے جامعۃ المصطفی کے دورے کے دوران اس مجموعے کی علمی اور بین الاقوامی سرگرمیوں میں کامیابیوں کو بیان کرتے ہوئے کہا: جامعۃ المصطفی سال 1386 شمسی (2007 ء) میں معارف اسلامی کی تعلیم اور غیر ایرانی طلباء کو شامل دو گروہوں کے امتزاج سے تشکیل پایا اور آج دنیا کے معروف تعلیمی یونیورسٹیز کی یونینز کا رکن ہے۔
انہوں نے ملک کے اندر اور باہر جامعۃ المصطفی کے اداروں کی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: جامعۃ المصطفی کے بہت سارے مراکز میں ہمارے اہلسنت برادران مکتب اہلبیت (علیہم السلام) کے پیروکاروں کے ساتھ درس پڑھتے ہیں اور صوبہ گرگان میں واقع جامعۃ المصطفی کے بڑے مراکز میں سے ایک مرکز صرف اہلسنت برادران کے لئے مخصوص ہے اور یہ مسئلہ عالم اسلام میں موجود تعلیمی مراکز کے درمیان انفرادی حیثیت رکھتا ہے۔
حجت الاسلام و المسلمین عباسی نے جامعۃ المصطفی میں 130 مختلف قومیتوں کے دسیوں ہزاروں غیر ایرانی طلباء کی تعلیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا: جامعۃ المصطفی کے تعلیمی شعبوں میں اسلامی علوم کے تین بڑے شعبے شامل ہیں: علوم اسلامی، علوم انسانی اور زبان و ثقافت۔ جامعۃ المصطفی میں مختلف مراحل پر تقریبا 160 فیلڈز پر مبنی مختلف موضوعات کی تعلیم دی جاتی ہے۔ جامعۃ المصطفی میں حوزوی اور روحانی تعلیم کے ساتھ ساتھ یونیورسٹیز کے نظام کے تحت تعلیم دی جاتی ہے اور ان کی اسناد رسما وزارت علوم و ٹیکنالوجی کی طرف سے جاری ہوتی ہیں۔
انہوں نے ورچوئل ایجوکیشن کو جامعۃ المصطفی کی ترقی کے ایک اہم محور کے طور پر متعارف کراتے ہوئے کہا: جامعۃ المصطفی کو ورچوئل یونیورسٹی کی شکل میں فاصلاتی اور ورچوئل تعلیم کے شعبے میں انتہائی اچھے تجربات حاصل ہوئے ہیں اور ہم مستقبل میں اس شعبے کو مزید ترقی دینے کے لئے پرامید ہیں۔اسی طرح "شارٹ کورسز پر مبنی تعلیم اور مطالعہ کے مواقع" پر مبنی ادارہ جامعۃ المصطفی کا ایک اور اہم مرکز ہے جو ہر سال دنیا بھر سے ہزاروں اساتید اور طلباء کی میزبانی کرتا ہے۔
جامعۃ المصطفی کے سربراہ نے غیر فارسی بولنے والوں کو فارسی زبان کی تعلیم دینے کو جامعۃ المصطفی کی اہم کامیابیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا: فارسی زبان کے تدریسی عہدیداروں کی رپورٹ کے مطابق جامعۃ المصطفی نے حالیہ برسوں میں فارسی زبان کی تدریس کے شعبہ میں بہت زیادہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ دنیا بھر میں جامعۃ المصطفی کے فارغ التحصیل افراد فارسی زبان میں روانی رکھتے ہیں اور اپنے ممالک میں اسلامی جمہوریہ ایران کے بہترین ثقافتی سفیروں میں شامل ہیں۔